04/09/2026
لائل پور کی فوٹوگرافی کی تاریخ میں سید تنویر حسین زیدی کا معتبر حوالہ
لائل پور کی فوٹوگرافی کی تاریخ کا ذکر خاندانِ ساداتِ گیسودراز کے مایہ ناز سپوت سید تنویر حسین زیدی کے نام کے بغیر یقیناً نامکمل رہے گا۔
بھائی جان سید تنویر حسین زیدی نے ستر کی دہائی میں وکیلاں والی گلی، کچہری بازار سے فوٹوگرافی کے سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے اپنے وقت کے معتبر اور معروف فوٹوگرافرز چنوں بھائی، سید واصل ہاشمی (واصل اسٹوڈیو) اور نئیر بھائی جان، لاٹ فوٹوگرافر والے کی شاگردی اختیار کی اور انہی بزرگوں سے اس فن کے اسرار و رموز سیکھے۔ یہ وہ نام ہیں جو لائل پور کی شہری تاریخ میں آج بھی عزت و احترام سے لیے جاتے ہیں۔
فوٹوگرافی سیکھنا اور اسے پیشہ بنانا کوئی آسان کام نہ تھا۔ بھائی جان سید تنویر حسین زیدی نے بڑی محنت، لگن اور مشقت سے اس فن میں اپنی جگہ بنائی۔ ایک طرف اپنے گھر کا سہارا بننا اور دوسری طرف شہر میں اپنی شناخت پیدا کرنا، یقیناً ان کی محنت اور عزم کی روشن مثال ہے۔
مجھے آج بھی یاد ہے کہ وکیلاں والی گلی، کچہری بازار میں ان کا ایک چھوٹا سا اسٹوڈیو ہوا کرتا تھا۔ بلاشبہ جگہ مختصر تھی، مگر شہر بھر میں اس اسٹوڈیو کی اپنی ایک پہچان اور شہرت تھی۔ لوگ نہ صرف ان کے فن سے متاثر تھے بلکہ ان کے شائستہ مزاج، خوش اخلاقی اور محبت بھرے رویے کی وجہ سے بھی ان کے گرویدہ تھے۔
اسی کی دہائی میں بھائی جان سید تنویر حسین زیدی نے وکیلاں والی گلی سے کوچ کیا اور ڈی گراونڈ میں تنویر زیدی اسٹوڈیوز کے نام سے اپنا ادارہ قائم کیا۔ وکیلاں والی گلی میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث اسٹوڈیو میں پانی بھر گیا اور چھت ٹپکنے سمیت ایسے ناگہانی حالات پیدا ہوئے کہ وہاں سے اسٹوڈیو منتقل کرنا پڑا۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے دِیگرون میں ایک خوبصورت جگہ کا انتظام فرمایا، جہاں انہوں نے نئے عزم کے ساتھ اپنے کام کا دوبارہ آغاز کیا۔
یہاں بھی انہوں نے اپنے خاندان، احباب اور شہر کے لوگوں سے اپنے تعلقات کو مضبوط رکھا اور اپنے فنِ عکاسی کو مزید وسعت دی۔ بلیک اینڈ وائٹ فوٹوگرافی سے رنگین فوٹوگرافی کے سفر میں بھی سید تنویر حسین زیدی کا نام فیصل آباد کی فوٹوگرافی کی تاریخ میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔
ان کے اسٹوڈیو میں شہر کے بے شمار طلبہ و طالبات، نئے شادی شدہ جوڑے اور مختلف اداروں کے افسران اور ذمہ داران آتے تھے۔ سید تنویر حسین زیدی اپنی بہترین فوٹوگرافی کے ساتھ ساتھ اپنے اعلیٰ اخلاق اور محبت بھرے برتاؤ سے لوگوں کے دل جیت لیتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ ان کا اسٹوڈیو صرف تصویریں بنانے کی جگہ نہیں بلکہ لوگوں کے اعتماد اور محبت کا مرکز بھی بن گیا تھا۔
آج جب ان کی یہ تصویریں دیکھنے کو ملیں تو پرانی یادیں تازہ ہو گئیں اور دل کو بے حد خوشی ہوئی۔ ایسے لوگوں کا تذکرہ محض کسی ایک خاندان یا فرد کا ذکر نہیں بلکہ فیصل آباد کی تہذیبی، سماجی اور فنّی تاریخ کے ایک اہم باب کو محفوظ کرنا ہے۔
مجھے جب بھی موقع ملا، میں بھائی جان سید تنویر حسین زیدی کی شخصیت، فن اور خدمات پر بھرپور انداز میں لکھوں گا۔
میں اپنے بھائی جان سید تنویر حسین زیدی کو شہر کے بہترین اور معتبر فوٹوگرافروں میں نمایاں مقام رکھنے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان کا کردار، ان کی خوش اخلاقی، ان کی فوٹوگرافی اور ان کے کام کا معیار—یہ سب فیصل آباد شہر کے لیے ایک معتبر حوالہ ہیں۔ لائل پور سے فیصل آباد تک شہر کی بدلتی ہوئی تصویری تاریخ میں سید تنویر حسین زیدی کا نام ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
This post is writing by Mahmood Raza Syed
Thankyou so much.