03/11/2026
منگلا ڈیم سے ملنے والی لاش کا معمہ حل، دو سگے بھائی قتل کے الزام میں گرفتار
ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی سربراہی میں پولیس کی بڑی کارروائی، جدید تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کے ذریعے اندھے قتل کا سراغ لگانے کا دعویٰ
میرپور (خصوصی رپورٹ): میرپور پولیس نے منگلا ڈیم سے ملنے والی وقاص الطاف کی لاش کا معمہ حل کرتے ہوئے قتل کے الزام میں دو سگے بھائیوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی میرپور خرم اقبال نے پریس کانفرنس کے دوران اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ وقاص الطاف کی گمشدگی کی رپورٹ درج ہونے کے بعد اس کی لاش منگلا ڈیم سے ملی تھی۔ ابتدائی طور پر یہ واقعہ پولیس کے لیے ایک پیچیدہ اور اندھے قتل کا مقدمہ تھا، تاہم پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں قتل کا سراغ لگا لیا۔
ایس ایس پی خرم اقبال کے مطابق ڈی ایس پی سٹی حاجی سکندر اعظم اور ایس ایچ او سٹی فیصل صدیق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پیشہ ورانہ مہارت سے تفتیش کرتے ہوئے اہم شواہد اکٹھے کیے، جن کی بنیاد پر دو سگے بھائیوں عیسیٰ اور مہربان کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں قتل کی مبینہ وجہ خاندانی تنازع سامنے آیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر رسی، تار، بلاک اور دیگر متعلقہ سامان برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی میرپور خرم اقبال نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا اور مقدمات کی مؤثر تفتیش کے ذریعے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام قانونی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گرفتار افراد پر قتل کا الزام ہے، جبکہ جرم کا حتمی تعین متعلقہ عدالت میں شواہد اور قانونی کارروائی کی بنیاد پر ہوگا۔