23/07/2025
خون سفید ہوگیا,زمین کے تنازع پر بھائی کے ہاتھوں بہن قتل، پولیس کی مبینہ غفلت، خاتون نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی
تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حدود میں جائیداد کے تنازع پر بھائی نے اپنی حقیقی بہن کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس پر روائتی سستی و غفلت کا الزام, زخمی خاتون سڑک کنارے تڑپتی رہی اور اسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق چک نمبر 617 گ ب کی رہائشی نسرین بی بی دختر نجابت علی وٹو کو والد کی جانب سے وراثت میں زرعی زمین ملی تھی، جس پر اس کا بھائی اکرام وٹو عرصہ دراز سے ہتھیانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق اکرام بہن سے زمین بلا عوض اپنے نام منتقل کرنے کا مطالبہ کرتا رہا، جبکہ نسرین بی بی اپنے معاشی حالات اور بچوں کی کفالت کا حوالہ دے کر زمین بیچنے کی خواہاں تھی۔آج صبح نسرین بی بی جب زمین کی فروخت کے سلسلے میں تاندلیانوالہ کے لیے روانہ ہوئی تو راستے میں 614 گ ب کے قریب البہادر فیڈر کے مقام پر اکرام نے چھریوں کے پے درپے وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ خاتون سڑک کنارے تڑپتی رہی، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
مقامی راہگیروں نے فوری طور پر تھانہ صدر تاندلیانوالہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، مگر کسی قسم کا ردعمل نہ مل سکا۔ تقریباً ایک گھنٹہ تک پولیس کا انتظار کیا گیا، مگر کوئی اہلکار جائے وقوعہ پر نہ پہنچا۔ بعد ازاں علاقہ مکینوں نے خاتون کو اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔واقعہ کے بعد علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سفاک قاتل کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اور پولیس کی مجرمانہ غفلت کا سخت نوٹس لیا جائے۔