30/07/2026
عزاداری مزاحمتی تحریک کا لائحۂ عمل
ہمارے پاس جو کچھ ہے وہ محرم اور صفر کی مرہون منت ہے۔ (امام خمینیؒ) عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے۔( شہید قائدؒ)
جھکے بکے بغیر قرآن و سنت کے اصولوں کے مطابق باطل شکن غیر لچکدار مزاحمتی تحریک کو مکمل فتح تک آگے بڑھانے کے لیے پانچ عناصر پر مشتمل عزاداری ڈیزائن ہوئی ہے ۔
عموما عزاداری کی ایک مجلس مندرجہ ذیل پانچ مرحلوں پر مشتمل ہوتی ہے۔ ہر مرحلے کا اپنا مخصوص اثر ، ہدف اور پیغام ہوتے ہیں۔
پہلا مرحلہ:آگاہی اور ابتدائی جذبات: سوزخوانی مرثیہ کے ذریعے آزاد انسانوں اور محبان اہل بیت کو مجلس اور اہل حق پر آنے والی مصیبت سے آگاہ کیا جاتا ہے اور ان کے عاطفہ و جذبات کو بیدار کیا جاتا ہے لیکن ابھی یہ جذبات ابتدائی مرحلے میں ہیں اور ناپختہ۔
دوسرامرحلہ:شعور،آگہی اور بصیرت :
تقریر و خطابت کے ذریعے انسانی معاشرے میں موجود حق و باطل کے محاذ اور ان کے موقف، استدلال اور طریقہ کار کو مدلل انداز میں بیان کیا جاتا ہے۔ عصر امام حسینؑ اور معاصر دنیا پر اس کی تطبیق کی جاتی ہے ۔ اس طرح قرآن و سنت کی روشنی میں منطقی و معقول استدلال اور موعظہ کے ذریعے شعور و آگہی، احساس ذمہ داری اور جذبہ عمل کو مہمیز کیا جاتا ہے۔ یوں معرفت، بصیرت، الٰہی صالح قیادت کے حامل ہم فکر، ہم جہت، منظم اور نظریاتی جماعت وجود میں لائی جاتی ہے۔
تیسرامرحلہ:نظریاتی جنگ کی آمادگی:
ذکر مصائب کے ذریعے معرکہ حق و باطل میں انبیاء، اوصیاء، صدیقین، صلحاء اور شہداء پر ہونے والے مظالم اور ان کے صبر و استقامت نیز ایثار و قربانی کو سوز و گداز، غم و اندوہ اور انقلابی جوش کے ساتھ ذکر کیا جاتا ہے ۔ جس سے سامعین کے دل میں طاغوتی قوتوں سے ٹکرانے اور اللہ کی راہ میں جہاد و شہادت کے جذبات شعلہ ور ہوتے ہیں۔ اس طرح مکتبی غم جذبۂ جہاد و شہادت کے عروج پر پہنچ جاتا ہے ۔ اب یہ نظریاتی گروہ میدان جنگ میں اترنے کے لیے مکمل تیار ہو گیا ہے۔
چوتھا مرحلہ : جنگ کا عملی مشق :
نوحہ و سینہ زنی کے ساتھ عملی طور پر جنگ لڑی جاتی ہے۔ مرثیہ اور نوحہ کے مطالب عموما ایک جیسے ہوتے ہیں لیکن ان کے شعری وزن اور اثر بالکل مختلف۔ مرثیہ المیہ طرز پر ادا کیا جاتا ہے جبکہ نوحہ رزمیہ انداز میں۔ اس مرحلے میں اسلامی اور الٰہی بنیادوں پر حاصل ہونے والی آگہی و شعور، بصیرت ، جذبہ جہاد اور شوق شہادت کی بنیاد پر اعلان جنگ ہوتا ہے۔ الٰہی فوج جنگی رجز اور شہدا ء کے کارناموں کے تذکرے کے ساتھ باطل فوج پر ٹوٹ پڑتی ہے۔ یوں حق و باطل کے درمیان فیصلہ کن جنگ لڑی جاتی ہے۔ نوحہ کے رزمیہ طرز ، اتار چڑھاؤ، نوحہ خوان کے آواز کی شدت و ضعف ، چہرے کے تأثرات اور بدن کی حرکات و سکنات سینہ زنی کی کمیت اور کیفیت پر گہرا اثر رکھتے ہیں ۔ساتھ ہی سینہ زنی کے انداز پر ذرا غور کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ سینہ زنی شدت غم کے نفسیاتی بےچینی کا اثر نہیں ہے بلکہ پہلے سے طے شدہ منصوبہ بندی کا ایک شعوری عمل ہے۔ جس کے ذریعے پہلے زمانوں میں تلوار کے ذریعے ہونے والی لڑائی کی عملی مشق اور تربیت دی جاتی تھی۔
پانچواں مرحلہ:ولایت و برائت کا اعلان: معرکہ حق و باطل کے اختتام پر زیارت پڑھی جاتی ہے ۔ اسلامی علمی ورثے میں بہت ساری زیارتیں منقول ہیں ۔ درج ذیل چار ارکان تمام زیارتوں کے بنیادی عناصر ہیں۔
1. سلام عقیدت: جنگ میں شریک مجاہدین اور شہیدوں کی خدمت میں سلام عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔
2. اعتراف خدمات: دین کی نصرت اور مظلوموں کے حقوق کی بازیابی کی خاطر ان کی خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے۔
3. مستقبل کے لیے موقف کا تعین : ماضی اور حال کی طرح مستقبل میں بھی اپنے محاذ، موقف اور قیام کے ساتھ دینے اور باطل محاذ ، اس کی قیادت اور موقف سے برائت کا اعلان کیا جاتا ہے۔
4. تجدید بیعت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان: الٰہی قیادت کے ہاتھ پر بیعت کی تجدید کی جاتی ہے اور جب بلائے، جہاں بلائے، جو حکم دے اس پر بلاچون و چرا لبیک کہتے ہوئے بروقت اور برمحل مطلوبہ مدد و نصرت فراہم کرنے کا عہد کیا جاتا ہے۔
خلاصہ: یہ کہ عزاداری معرکہ حق و باطل کے تمام مراحل پر مشتمل ایک تربیتی آزاد یونیورسٹی ہے ۔ جس میں دل،جگر، گردہ رکھنے والے پاک فطرت انسانوں کو داخلہ دیا جاتا ہے۔جہاں طالب علم حسین ابن علیہ السلام سمیت تمام انبیاء، اوصیاء، صدیقین، صلحاء اور شہداء کا خطاب سنتا ہے، سمجھتا ہے اور اس پر عمل کرتا ہے۔ ان کے نقش قدم پر چلنے کی مختصر وقت میں جامع تربیت دی جاتی ہے۔
عزاداری کی مندرجہ بالا حقیقت سمجھ میں آ جائے تو یہ بات بھی سمجھ میں آ جائے گی کہ امام خمینیؒ اور شہید قائدؒ نے عزاداری کے حوالے سے یہ کلمات کیوں بیان فرمائے تھے۔ "ہمارے پاس جو کچھ ہے وہ محرم اور صفر کی مرہون منت ہے۔" (امام خمینیؒ)
"عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے۔"( شہید قائدؒ)
ذرا نہیں مکمل سوچ لیجئے! اگر عزاداری کی مروجہ مجالس کے منبر سے حسین کا خطاب سننے کو نہ ملے یا جھکے بکے اور تھکے بغیر حق کی نصرت کرنے والی فوج تیار نہ ہو جائے تو سمجھنا چاہیے کہ وہ مجلس و منبر تو رسوماتی فراموش خانہ ہو سکتا ہے لیکن حسین علیہ السلام کی مجلسِ عزا اور منبر نہیں۔
✍️ سجاد حسین مفتی