17/02/2026
جی اوئے ڈی سی لگیا اے
گوجرانوالہ رمضان کریم کی تیاریاں
کسی کو اوور چارجنگ نہیں کرنے دیں گے ۔
اسی ہزار افراد کو رمضان نگہبان پروگرام کے تحت رقوم کی ادائیگی کی جائے گی۔
دکانداروں کی رات کو (ماہ رمضان) دکان بند کرنے کی پابندی ختم۔
آخری عشرہ میں بازاروں کو سجایا جائے گا ۔
گوجرانوالہ 17 فروری 2026 ( )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان المبارک کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کی جانب سے خصوصی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ پنجاب بھر کی طرح گوجرانوالہ میں بھی اس ماہِ مقدس کو فیسٹیول کے طور پر منایا جائے گا، 77 ہزار 530 خاندانوں میں رمضان نگہبان کارڈز تقسیم کیے جائیں گے
گوجرانوالہ پنجاب کے اُن چار اضلاع میں شامل ہے جہاں سہولت بازار پیپلز کالونی میں رمضان المبارک کے آخری عشرہ کے دوران رمضان میلہ منعقد کیا جائے گا۔ میلہ میں خصوصی چراغاں، خواتین و بچوں کے لیے اسٹالز اور بچوں کی تفریح کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے جم خانہ گوجرانوالہ میں منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل سلطان اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کو سستی و معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے 3 سہولت بازار (گوجرانوالہ سٹی، وزیرآباد، نوشہرہ ورکاں) قائم کر دیے گئے ہیں جہاں 10 سے 15 فیصد تک کم نرخوں پر پھل و سبزیاں دستیاب ہوں گی۔ تمام میگا و سپر اسٹورز پر رمضان بچت کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع گوجرانوالہ و وزیرآباد میں 77 ہزار 530 خاندانوں میں رمضان نگہبان کارڈز تقسیم کیے جائیں گے، جن میں سے موصولہ کارڈز میں سے اب تک 24 ہزار 883 کارڈز شہریوں کو ان کی دہلیز پر فراہم کیے جا چکے ہیں۔ بقیہ تمام کارڈز انشاء اللہ 10 رمضان المبارک سے قبل تقسیم کر دیے جائیں گے۔
حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر مخیر حضرات کے تعاون سے ضلع گوجرانوالہ و وزیرآباد میں 24 رمضان دسترخوان بھی قائم کیے جائیں گے جہاں روزانہ کم از کم 10 ہزار سے زائد شہریوں کو سحر و افطار کے اوقات میں معیاری کھانا فراہم کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران بھی ان دسترخوانوں میں سحر و افطار کے اوقات میں شرکت کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ مصنوعی مہنگائی کی روک تھام اور اشیائے ضروریہ کی وافر دستیابی کے لیے جامع میکنزم تیار کیا گیا ہے۔ سبزی منڈی میں پھلوں و سبزیوں کی آمد، نیلامی اور مارکیٹ سپلائی کے تمام مراحل کی گزٹیڈ افسران نگرانی کریں گے تاکہ صارفین کو مقررہ قیمتوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
شکایات کے اندراج کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 055-9200055-70 اور 0329-0644442 نمبر جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ افطار کے اوقات میں شہر و ضلع کے بازاروں، شاہراہوں اور چوکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 300 ٹریفک وارڈنز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مربوط کوآرڈینیشن کے ساتھ فرائض سرانجام دیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر مساجد کی ڈیپ کلیننگ، راستوں اور واش رومز کی صفائی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ واسا اور گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے خصوصی اسکواڈز مساجد کے اطراف سیوریج اور کوڑا کرکٹ سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک ہیں۔ اس ضمن میں 03300001334، 055-9230140 اور 03159008511 نمبر جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب رکھنے کے لیے افطاری اور تراویح کے بعد مختلف کھیلوں کی اجازت دی گئی ہے۔ میڈیا نمائندگان سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ انتظامیہ کی آنکھ اور کان کا کردار ادا کریں اور گراں فروشی و ناجائز منافع خوری کی نشاندہی کریں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے تاجروں سے بھی اپیل کی کہ ماہِ مقدس میں منافع کم سے کم رکھیں تاکہ عام آدمی بھی رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور استفادہ کر سکے۔