27/02/2026
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں ڈرون اُڑانے پر دفعہ 144 کے تحت فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی صورتحال، سرحدی کشیدگی اور حساس سرکاری عمارتوں کو ممکنہ خطرات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ ڈرون اور کواڈ کاپٹر کے ذریعے کسی بھی قسم کی بیرونی سرگرمی کو عوام کی جان و مال اور سرکاری تنصیبات کیلئے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق صوبے میں ہر قسم کی آؤٹ ڈور ڈرون فلائنگ مکمل طور پر ممنوع ہوگی، تاہم ہال یا مارکی میں اندرونی پروگراموں کیلئے چھوٹے ڈرون کی اجازت ہوگی جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مستثنیٰ ہوں گے۔
یہ پابندی فوری نافذ العمل ہوگی اور 30 دن تک برقرار رہے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔