16/06/2026
آر ٹی ایس کمیشن عوامی خدمات میں شفافیت، احتساب اور مؤثر سروس ڈیلیوری کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے، رحمت حسین
#باجوڑ : ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (ڈی ایم او) آر ٹی ایس کمیشن باجوڑ، رحمت حسین نے نئے شامل ہونے والے انٹرنز کو آر ٹی ایس کمیشن کے مشن، وژن اور بنیادی فرائض سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اس موقع پر میں نے بطور کمیشن ایمبیسیڈر نو تعینات سفیروں کی ذمہ داریوں اور کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آر ٹی ایس کمیشن عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی، شفاف طرز حکمرانی کے فروغ اور سرکاری اداروں میں احتساب کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور کمیشن کا مقصد شہریوں کو مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی سے آگاہ کرنا، عوامی شکایات کو سننا اور ان کے جائز مسائل کے حل کو قانونی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے بروقت اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ انٹرنز کو تاکید کی گئی کہ عوامی اعتماد کی بحالی اور اداروں کی کارکردگی میں بہتری، آر ٹی ایس کمیشن کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔
سفیروں کو مقامی روایات، معاشرتی اقدار اور علاقائی رسم و رواج کے تناظر میں عوامی آگاہی کے مؤثر طریقوں پر بھی خصوصی لیکچر دیا اور اس بات پر زور دیا کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ داری اور دیانت داری کے ساتھ پیش آنا ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔
ڈی ایم او رحمت حسین نے کہا کہ آر ٹی ایس کمیشن خیبر پختونخوا میں عوامی خدمات کی نگرانی اور ان کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے قائم ایک اہم ادارہ ہے، جو شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور سرکاری محکموں میں مؤثر سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ کمیشن شفافیت، احتساب اور عوامی اعتماد کے فروغ کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ ہر شہری کو بروقت، معیاری اور باوقار سرکاری خدمات میسر آ سکیں۔
اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوامی خدمت، شفافیت اور جوابدہی کے اصولوں کو فروغ دے کر ایک بہتر اور عوام دوست نظامِ حکمرانی کے قیام میں ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔